ویب ڈیسک
|
4 مہینے پہلے
پی آئی اے نے اسلام آباد سے لندن براہِ راست پروازوں کا اعلان کر دیا

قومی ائیرلائن پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (PIA) نے مانچسٹر کے بعد اسلام آباد سے لندن کے لیے بھی براہِ راست پروازیں شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جو کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ایک بڑی سہولت قرار دی جا رہی ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق اسلام آباد سے لندن کے لیے ہفتہ وار چار پروازیں آپریٹ کی جائیں گی، جس سے مسافروں کو زیادہ سفری آپشنز دستیاب ہوں گے اور بکنگ میں آسانی پیدا ہوگی۔
ترجمان نے بتایا کہ لندن جانے والی تمام پروازیں برطانیہ کے معروف ہیتھرو ایئرپورٹ کے جدید ترین ٹرمینل 4 سے آپریٹ کی جائیں گی، جہاں مسافروں کو جدید سہولیات میسر ہوں گی۔
پی آئی اے کی اسلام آباد سے لندن کے لیے پہلی پرواز 29 مارچ سے روانہ ہوگی، جس کے بعد یہ روٹ باقاعدہ شیڈول کا حصہ بن جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد میں آج پی آئی اے کی نجکاری بولی ہوگی
قومی ائیرلائن کے مطابق لندن کے لیے پروازوں کا آغاز چھ سال کے طویل وقفے کے بعد کیا جا رہا ہے، جبکہ لندن پی آئی اے کا پہلا بین الاقوامی اور تاریخی طور پر سب سے اہم روٹ بھی رہا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے پہلے ہی مانچسٹر کے لیے ہفتہ وار تین پروازیں کامیابی سے آپریٹ کر رہی ہے، جنہیں مسافروں کی جانب سے مثبت ردِعمل حاصل ہو رہا ہے۔
یاد رہے کہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے اکتوبر 2025 میں اسلام آباد سے مانچسٹر کے لیے ہفتہ وار تین پروازوں کا افتتاح کیا تھا، جس کے بعد پی آئی اے نے برطانیہ کے روٹس پر اپنی موجودگی کو مزید مضبوط کیا ہے۔
- دنیا کے سب سے بڑے فٹبال ایونٹ FIFA World Cup 2026 کے لیے انعامی رقم اور ٹیموں کی تفصیلات سامنے…6 گھنٹے پہلے














